پیسکو سب ڈویژن لورہ کے ستائے صارفین احتجاج کی تیاریاں کرنے لگے

لورہ(سپیشل رپورٹر) پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی ایبٹ آباد سب ڈویژن لورہ کی جانب سے خودساختہ ریڈنگ کےزریعے بل بھیجے جانے کا انکشاف ہوا ہے جس سے عوام کے جیبوں پر ہر ماہ لاکھوں روپے ڈاکہ ڈالا جارہا ہے۔پیسکو سب ڈویژن لورہ کے ستائے صارفین نے بتایا کہ ہم ہر ماہ بل جمع کرواتے ہیں مگر چند گھروں کے علاوہ اکثریت کی میٹرریڈنگ نہیں کی جاتی بلکہ دفاتر میں بیٹھ کر خودساختہ میٹرریڈنگ کے زریعے ہمیں بل بھیج دئیے جاتے ہیں۔ بعض دفعہ سال بعد ریڈنگ ہوتی ہے اور سینکڑوں یونٹ ڈال کر ٹیکس سمیت گھریلو صارفین کو کمرشل ٹیرف کا بل بھیج دیا جاتا ہے ۔لورہ جو وفاقی وزیر پارلیمانی امور مرتضی’ جاوید عباسی کا حلقہ انتخاب میں شامل ہے مگر اس کے باوجود یہاں کے صارفین کے ساتھ پیسکو سب ڈویژن لورہ کے عملے کی طرف سےذیادتیوں کا سلسلہ جاری ہے ۔یہاں پر روزنامہ آج کو دو بل ایسے بھی ملے ہیں جو دو الگ الگ صارفین کے ہیں ۔ان دونوں کو سو یونٹ کے بل بھیجے گئے مگر دونوں صارف کو الگ الگ ریٹ کے تحت بل بھیجے گئے۔بٹنگی لورہ کے رہائشی علی زمان کو 100 یونٹ کا بل 1147 جبکہ بٹنگی لورہ کے رہائشی اسلم خان کو 100 یونٹ کا بل 1863 بھیجا گیا۔ایک ہی علاقے میں ایک جیسی یونٹ کے الگ الگ ریٹ عوام کے ساتھ انتہائی زیادتی ہے۔یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ جس طرح سال قبل نگری بٹنگی میں مقامی افراد کی جانب سے واپڈا کے خلاف باقاعدہ احتجاجی مظاہرے ہوئے تھے اور اس کے بعد سب ڈویژن لورہ کے چھ کے قریب اہلکار بل ریڈنگ کے لیے باقاعدہ جاتے۔اب دوبارہ سے پیسکو سب ڈویژن لورہ کے ستائے صارفین احتجاج کی تیاری کر رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں