عمران خان کی ڈاکٹر محمد امجد کو موجودہ معاشی صورتحال اور اس کے تباہ کن اثرات بارے عوام میں آگاہی پیدا کرنے کی ہدایت
اسلام آباد(بیورورپورٹ)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے فوکل پرسن برائے ٹریڈ یونینز ڈاکٹر محمد امجد نے جہانزیب امجد اور شاہزیب امجد کے ہمراہ زمان پارک میں پارٹی سربراہ سے ملاقات کی۔ اس موقع پر عمران خان نے ڈاکٹر محمد امجد اور جہانزیب امجد کو ٹریڈ یونینز اور انصاف پروفیشنل فورم کے ذریعے موجودہ خراب ملکی معاشی صورتحال اور ملک و قوم پر پڑنے والے اس کے تباہ کن اثرات کے بارے میں عوام میں آگاہی پیدا کرنے کی ہدایت کی .ترجمان کے مطابق عمران خان نے انہیں پارٹی سیکرٹری جنرل اسد عمر اور اسلام آباد کے ریجنل صدر علی اعوان کے ساتھ مل کر اسلام آباد میں پارٹی کی مضبوطی کے لئے مزید محنت کرنے کی بھی ہدایت کی۔ اس موقع پر عمران خان نے کہا کہ عوام میں شعور بیدار کیا جائے کہ موجودہ خراب ملکی معاشی صورتحال، صنعتوں کی تیزی سے بندش اور اس کے نتیجے میں کارکنان کی تیزی سے بڑھتی ہوئی بیروزگاری، مہنگائی، روپے کی قدر میں کمی، کھانے پینے سمیت دیگر بنیادی اشیاء ضروریہ کی قلت اور ان کی قیمتوں میں اضافہ، برآمدات میں کمی، ضروری خام مال کی درآمد میں مشکلات ایسی چیزیں ہیں جو ملک کو تیزی سے مکمل دیوالیہ پن کی طرف لے کرجارہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام میں اس بات کا شعور بیدار کرنا ناگزیر ہے کہ اگر وہ آج امپورٹڈ حکومت کے ظالمانہ فیصلوں اور اقدامات کے خلاف باہر نہ نکلے تو یہ ہمارے حساس اثاثہ جات اور ملکی سلامتی و خود مختاری کے لئے انتہائی خطر ناک اور تباہ کن ثابت ہوگا۔