صوابی پولیس نے قتل اور کروڑ سےزائد رقم لوٹنے والے ڈاکو چند گھنٹوں‌میں گرفتار کرلیے

نیشنل بینک زیدہ میں سیکیورٹی گارڈ کو قتل اور ایک کروڑ روپے سے زائد رقم لوٹنے والا ملزم کو گرفتارکرکے لوٹی ہوئی رقم اور آلہ قتل برآمد کرلیا

صوابی (بیورورپورٹ) صوابی پولیس کی بڑی کاروائی، نیشنل بینک زیدہ میں سیکیورٹی گارڈ کو قتل اور ایک کروڑ روپے سے زائد رقم لوٹنے والا ملزم چند گھنٹوں میں گرفتار، لوٹی ہوئی رقم، آلہ قتل اور DVR برآمد
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز علی الصبح مقامی تھانہ زیدہ پولیس کو نیشنل بینک زیدہ میں چوکیدار کے قتل کی بابت اطلاع موصول ہوئی جس پر زیدہ پولیس فوری طور پر کرائم سین پہنچ گئی جبکہ اسی اثناء میں ڈی پی او صوابی کیپٹن (ر) نجم الحسنین نے بھی جائے وقوعہ کا وزٹ کرکے صورتحال کا جائزہ لیا۔
دریں اثناء بینک منیجر اختر اللہ سکنہ رسالپور نوشہرہ اورکیشئر عامر بھی بینک پہنچ گئے جہاں بینک منیجر نے مقامی تھانہ زیدہ پولیس کے روبرو رپورٹ درج کراتے ہوئے بیان کیا کہ اس کو صبح بینک سیکورٹی گارڈ نے بینک کا دروازہ کھلا ہونے اور سیکورٹی گارڈ فضل الرحمٰن کے قتل ہونے کی بابت اطلاع دی۔ موقع پر پہنچ کر سیکورٹی گارڈ کو قتل شدہ اور بینک کے اندر DVR بھی عدم موجود پایا تاہم سیف لاکر کے کمرے کا تالہ درست طور پر مقفل تھا جو کہ کیشئر عامر کے پہنچنے پر سیف لاکر کا کمرہ کھول کر لاکر چیک کیا جو کہ وہ بھی درست طور پر مقفل تھا اور اس پر کسی قسم کے توڑنے کے نشانات نہیں تھے، اس دوران سیف لاکر کو چابی سے کھول کر پڑتال کیش کرکے جس سے 1 کروڑ روپے سے زائد عدم موجود پائی گئی۔ بینک منیجر کی رپورٹ پر تھانہ زیدہ میں مقدمہ درج رجسٹر کرکے تفتیش شروع کی گئی۔
اس ڈکیتی کے حوالے سے ڈی پی او صوابی نے ایس پی انوسٹی گیشن صوابی محمد فیاض کی سربراہی میں ڈی ایس پی صوابی فاروق زمان، ایس ایچ او زیدہ ناظم خان، تفتیشی افسران محتاج خان اور اے ایس آئی زاہد انچارج CFU پر مشتمل ٹیم تشکیل دے کر جنہوں نے تکنیکی بنیادوں پر تفیش کرتے ہوئے انتھک کوششوں کی بدولت ملزم مخدوم ولد نادر خان سکنہ پنج پیر تک رسائی حاصل کرکے گرفتار کیا۔ دوران انٹاروگیشن معلوم ہوا کہ ملزم مخدوم سکنہ پنج پیر جو کہ بینک سیکورٹی گارڈز کا سپروائزر ہے اور حکمت عملی کے تحت اس نے وقوعہ کی رات بینک جا کر سیکورٹی گارڈ سے بات چیت کرکے اندر داخل ہوا اور اس کو فائرنگ سے قتل کرکے وہاں سے ڈوپلیکیٹ چابیوں کے ذریعے سیف لاکر کھول کر رقم متذکرہ بالا لوٹ لیا جبکہ اپنے ساتھ DVR سسٹم بھی لے کر فرار ہوا۔گرفتار ملزم سے سرقہ شدہ رقم، DVR اور آلہ قتل پستول بھی برآمد کی گئی ہے۔مزید تفتیش جاری ہے۔

INKISHAF NEWS

اپنا تبصرہ بھیجیں