اسلام آباد ، سرکاری ہسپتال میں‌مخالفین نے جعلی ایم ایل آر کے ذریعے مقدمہ درج کروایا،عبدالعزیز

پولی کلینک ہسپتال کے ڈاکٹر نے میرے مخالفین کے ساتھ مل کربھاری رشوت لینے کے بعد جعلی ایم ایل آر  تیار کی،متاثرہ شہری

اسلام آباد(کرائم رپورٹر چوہدری ہارون اشتیاق)اسلام آباد کے سرکاری ہسپتالوں کے مسیحاؤں کی طرف سے بھاری رشوت کے عوض جعلی میڈیکل رپورٹس تیارکئے جانے لگے۔ان جعلی ایم ایل آرکے ذریعے پولیس کی ملی بھگت سے بے گناہ شہریوں کو جھوٹے مقدمات میں الجھانے کا دھندہ روز بروز بڑھنے لگا۔تھانہ کوہسار میں درج کئے گئے ایک جھوٹے مقدمے کے متاثرہ بزرگ نے پولی کلینک ہسپتال کے ڈاکٹروں کی ملی بھگت سے تیار کئے گئے جعلی ایم ایل آر کو چیلنج کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنراسلام آباد کو تحریری درخواست دیدی ہے اور میڈیکل بورڈ تشکیل دیتے ہوئے انصاف کے تقاضوں کو پورا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔تلہاڑ کے رہائشی ساٹھ سالہ بزرگ عبدالعزیز نے ڈپٹی کمشنراسلام آباد عرفان نواز میمن کو تحریری درخواست دیتے ہوئے موقف اختیار کیا ہے کہ پولی کلینک ہسپتال کے ڈاکٹر نے میرے مخالفین کے ساتھ مل کربھاری رشوت لینے کے بعد جعلی میڈیکل رپورٹ تیار کی۔اس جعلی ایم ایل آر پر تھانہ کوہسار پولیس نے 3 فروری2023ء کو میرے نابالغ بیٹے زین،عظیم اور بھانجوں مومن اور افطار کے خلاف جھوٹا مقدمہ نمبر97/23 زیر دفعات 337F(v)درج کیا۔درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ پمزہسپتال اور پولی کلینک ہسپتال کے نام نہاد مسیحا بھاری رشوت لے کرجعلی میڈیکل رپورٹس تیار کرتے ہیں۔ان ایم ایل آر میں گہرے زخم آنے اور فریکچر کا ذکر کرکے شہریوں کو جھوٹے مقدمات میں پھنساتے ہیں۔ متاثرہ شہری نے ڈی سی اسلام آباد سے جعلی ایم ایل آر کو چیلنج کرتے ہوئے میڈیکل بورڈ تشکیل دینے اور انصاف کے تقاضوں کو پورا کرنے کا مطالبہ کیا۔جس پر ڈی سی اسلام آباد نے قانونی کارروائی کے احکامات جاری کردیئے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں