کنسٹرکشن سیکٹر کے ساتھ ستر سے زائد الائیڈ انڈسٹریز وابستہ ہیں، صدر ثاقب رفیق
راولپنڈی (کامرس رپورٹر )راولپنڈی چیمبر آف کامرس نے حکومت سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ حکومت کنسٹرکشن سیکٹر کی بحالی کے لیے ہنگامی اقدامات اٹھائے، ڈیمڈ رینٹل انکم ٹیکس لگنے سے حکومت کو نا صرف ریونیو میں خسارے کا سامنا کرنا پڑ رہا بلکہ دوسری طرف معاشی سرگرمیاں بھی جمود کا شکار ہو گئیں ہیں، چیمبر میں قائمہ کمیٹی برائے کنسٹرکشن، رئیل اسٹیٹ، پراپرٹی اور ڈیویلپمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر چیمبر ثاقب رفیق نے کہا کہ گرتی ہوئی معیشت کی بحالی کے لیے ضروری ہے کہ کاروبار آسان کرنے کے لیے عملی اقدامات اٹھائے جائیں، کنسٹرکشن سیکٹر کے ساتھ ستر سے زائد الائیڈ انڈسٹریز وابستہ ہیں، لاکھوں لوگوں کا روزگار اس سیکٹر سے جڑا ہوا ہے، انہوں نے کمیٹی کی جانب سے سفارشات کا خیرمقدم کرتے ہوئے یقین دلایا کہ چیمبر کے پلیٹ فارم سے ان سفارشات کو سٹیک ہولڈرز تک پہنچایا جائے گا، گروپ لیڈر آر سی سی آئی سہیل الطاف نے کہا کہ ڈیمڈ رینٹل انکم ٹیکس فوری واپس لیا جائے، سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے فیصلہ سازی کی جائے، تعمیراتی شعبہ ٹیکسوں کی بھرمار سے شدید متاثر ہوا ہے، ٹیکس نیٹ بڑھانے کے لیے تعمیراتی شعبہ اہمیت کا حامل ہے، اس پر توجہ دی جائے.اجلاس میں سینئر نائب صدر محمد حمزہ سروش، نائب صدر فیصل شہزاد، سمیت چیئرمین رئیلٹرز آل پاکستان مسرت اعجاز خان اور صدر رئیلٹر اسلام آباد سردار طاہر محمود نے بھی شرکت کی۔اس موقع پر چیئرمین کمیٹی سردار تنویر سرور اور آصف اقبال خان وائس چیئرمین عادل نواز بھٹی اور نجیب الرحمان عباسی،، ایگزیکٹو کمیٹی ممبران اور دیگر ممبران بھی موجود تھے۔