نجی شعبے کے لیے قرضے مہنگے ہو جائیں گے، صدرثاقب رفیق
راولپنڈی ( کامرس رپورٹر)راولپنڈی چیمبر آف کامرس کے صدرثاقب رفیق نے اسٹیٹ بنک کی جانب سے شرح سود کو17فی صد کرنے کے فیصلے پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اضافے سے کاروباری لاگت میں اضافہ ہو گا، یہ اقدام معیشت اور برآمدات کے لیے نقصان دہ ہو گا۔یکمشت 100بنیادی پوائنٹس کے اضافے سے ملک میں مقامی اور غیر ملکی سرمایاکاری کی حوصلہ شکنی ہو گی صنعت کاروں کو بنکوں سے مہنگے قرضے ملیں گے جس سے انڈسٹری کو مزید دشواری کا سامنا کرنا پڑے گا۔
صدر ثاقب رفیق نے کہا کہ مہنگائی کے باعث پیداواری لاگت میں کئی گنا اضافہ ہو چکا ہے جس کے باعث کاروبار ی سرگرمیوں سست روی کا شکار ہیں۔اس وقت ملک سیاسی اور معاشی غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہے، موجود ہ حالات میں کاروباری برادری کو سستے قرضوں کی ضرورت ہے شرح سود میں اضافے سے معاشی معاملات خراب ہو ں گے۔ صدر ثاقب رفیق نے کہا کہ پہلے ہی مہنگائی میں اضافے کی وجہ سے خسارے کا بجٹ پیش کیا جا رہا ہے ایسے حالات میں جہاں روپے کی قدر میں کمی ہو اور ایندھن کی قیمتوں اضافہ ہو رہا ہو شرح سود میں اضافے سے معاشی حالات مزید گھمبیر ہوں گے انہوں نے وزیرخزانہ اور اسٹیٹ بنک سے مطالبہ کیا کہ وہ اس فیصلے پر نظرثانی کرے۔