چکوال: اسلام آباد لاہور موٹر وے پر کلر کہار کے قریب مسافر بس الٹنے سے خواتین اور بچوں سمیت 12 افراد جاں بحق اور 24 زخمی ہوگئے۔
موٹروے پولیس کے مطابق مسافر بس راولپنڈی سے لاہور جا رہی تھی کہ کلر کہار سالٹ رینج کے قریب حادثے کا شکار ہو گئی۔ پولیس نے بتایا کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثہ بریک فیل ہونے کی وجہ سے پیش آیا۔
اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا۔
پولیس نے بتایا کہ مرنے والوں میں تین خواتین اور دو بچے شامل ہیں۔
این ایچ ایم پی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ حادثے کے باعث لاہور اسلام آباد موٹروے کی دو لین بند کر دی گئی ہیں جبکہ تیسری ٹریفک کے لیے کھول دی گئی ہے۔
ڈی آئی جی موٹروے پولیس محمد یوسف ملک اور سیکٹر کمانڈر نے موقع پر امدادی کارروائیوں کی نگرانی کی۔ بعد ازاں ڈی آئی جی نے ٹراما سینٹر چکوال کا دورہ کیا اور زخمیوں کی خیریت دریافت کی۔
– APP سے اضافی ان پٹ